لاہور : (دنیانیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئین کے ساتھ جوکھلواڑ ہورہا ہے یہ انتہائی خطرناک بات ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی الیکشن کمیشن یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ الیکشن نہیں کرا سکتا، الیکشن کمیشن، الیکشن نہیں کرا سکتے تو پھر ان کا کیا جواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں آپریشن کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کو چیلنج کیا ہے ، اس واقعہ کی بنائی گئی جے آئی ٹی غیرقانونی ہے، جوڈیشل کمیٹی بننی چاہیے، سیاسی ورکرز کیخلاف مسلسل انسداد دہشتگردی ایکٹ لگایا جارہا ہے، دنیاحیران ہے کہ پاکستان میں سیاسی کارکنوں کے ساتھ کیا ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :انتخابات کرانے سے معذوری کے بعد الیکشن کمیشن کو برقرار رکھنے کا جواز نہیں بنتا : فواد
فواد چودھری نے کہا کہ 3500 سے زائد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑرہی ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں کو گھروں سے اٹھا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ن لیگ واحد پارٹی ہے جس کا کوئی اصول نہیں ہے، خواجہ آصف کہہ رہے ہیں پارلیمانی سسٹم ختم کر دیں، خواجہ آصف کی بات مان لی گئی تو ایوب کا وَن یونٹ بحال ہوجائے گا اور ون یونٹ کی بحالی چھوٹےصوبوں کے لیے ناقابل قبول ہوگی۔