چیک پوسٹ حملہ کیس: علی امین گنڈا پور کی ضمانت منظور

Published On 19 April,2023 10:57 am

بھکر: (دنیا نیوز) بھکر میں چیک پوسٹ پر حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

عدالت نے علی امین گنڈا پور کی ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔

گزشتہ روز سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف چیک پوسٹ حملہ کیس میں دہشت گردی کی دفعات ختم کردی تھیں۔

عدالت نے مقدمہ بھکر کی عام عدالت میں منتقل کرنے اور ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پی ٹی آئی رہنما کو بھکر کی مقامی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

علی امین گنڈا پور کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے علی امین گنڈا پور کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اسلحہ برآمد کرنا ہے۔

علی امین گنڈا پور کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کا مقدمہ بنتا ہی نہیں۔

واضح رہے کہ تھانہ صدر بھکر پولیس نے علی امین گنڈا پور کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے 20 مارچ کو داجل چیک پوسٹ پر فائرنگ کے الزام میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت 11 دفعات کے تحت مقدمے کر رکھے ہیں۔