اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کی پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست پر حتمی دلائل کیلئے سماعت 5 مئی کیلئے مقرر کرلی گئی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی الیکشن کمیشن نااہلی فیصلے کیخلاف پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت عالیہ نے حتمی دلائل کے لئے 5 مئی کی تاریخ مقرر کردی۔
خیال رہے کہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں کیس زیر التوا ہونے پر واپس لینے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
دوسری جانب عدالت نے میانوالی میں ضمنی الیکشن روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔
دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ جب ایک فورم سے رجوع کر لیا تو کیا زیرِ التواء ہوتے ہوئے دوسرے فورم سے رجوع کیا جا سکتا ہے؟ کیا ایسی صورت میں ایک فورم سے درخواست واپس لے کر دوسری کی پیروی کر سکتے ہیں؟
یہ بھی پڑھیں :توشہ خانہ ریفرنس : عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
محسن شاہنواز رانجھا کے وکلاء نے عمران خان کی درخواست واپس لینے کی مخالفت کر دی ، درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس عدالت میں کیس زیرِ التواء تھا، اس دوران لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن فائل کی گئی، اس عدالت کو لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن فائل کرنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا ۔