اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بھر میں آج شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا، رویت ہلال کمیٹی نے 22 اپریل بروز ہفتے کو عیدالفطر کا اعلان کر دیا۔
عید الفطر کے لیے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا کل بروز جمعہ ملک بھر میں 30 واں روزہ ہو گا اور عید الفطر 22 اپریل ہفتہ کو ہو گی۔
اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ اوقاف، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل عید الفطر منائی جائے گی
مولاناعبدالخبیرآزاد نے بتایا کہ بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا، پاکستان کے کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے بھی اعلان کیا کہ پنجاب میں کہیں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، ڈی جی اوقاف آصف علی فرخ کے مطابق لاہور میں چاند نظر آنے کا وقت ختم ہو گیا، لاہور میں چاند نظر آنے کا وقت 6:36 سے 6:57 تک تھا، ڈی جی اوقاف نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کی حد تک چاند نظر نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کی صلاحیت بزدلی، نواز شریف بزدلوں کا کپتان ہے: عمران خان
کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی کہا کہ اسے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 7 بج کر 17 منٹ تک چاند دیکھنے کا وقت تھا۔
کوئٹہ میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، زونل رویت ہلال کمیٹی رکن ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کسی حصے میں چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی، کوئٹہ میں 7 بجکر 32 منٹ تک چاند نظر آنے کا دورانیہ تھا ، بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی چاند نظر آنے کی مکمل شہادت موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت عمران کو سیاست کا محور بنا رہی، ان سے مذاکرات پارلیمنٹ کی توہین ہے: فضل الرحمان
اس سے قبل اسلام آباد میں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
پشاور میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا، حافظ عبدالغفور نے بتایا کہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلے کے تحت اوقاف ہال میں جاری اجلاس ختم کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ پشاور میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کے قانون پر عدالتی سٹے آرڈر کی کوئی مثال نہیں ملتی، وزیراعظم
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات اور فلکیاتی ماہرین پہلے ہی یہ امکان ظاہر کر چکے تھے کہ آج چاند نظر آنا مشکل ہے اور عید الفطر ہفتے کو ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں شوال المکرم کا چاند نظر آگیا، وہاں عید الفطر 21 اپریل بروز جمعۃ المبارک ہو گی۔