اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے ترکیہ کے ہم منصب سینتوپ کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دی۔
اپنی گفتگو کے دوران سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ترکیہ میں بسنے والے تمام بہن بھائیوں کو بھی عید کی دلی مبارک پیش کرتا ہوں، پاکستان اور اس کا پارلیمان مشکل وقت میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، آئندہ بھی ان کی مدد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، پاکستان آئین کی 50 سالہ تقریبات منعقد کر رہا ہے جس میں آپ کی آمد باعث فخر ہو گی۔
ترکیہ کے سپیکر سینتوپ نے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کے ہماری مدد کی ہے، پاکستان اور اس میں بسنے والے لوگوں کا شکر گزار ہوں، آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی پر ترک پارلیمان کا وفد آئینی کنونشن میں شرکت کرے گا۔