اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام صوبوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات نے 28 اپریل سے 7 مئی کے دوران میں ملک کے بیشتر حصوں میں آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسلا دھار بارشوں سے مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال، دیر، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم سے 4 مئی اور بلوچستان کے کچھ حصوں اور ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں میں 28 اپریل سے 2 مئی تک سیلاب آسکتا ہے۔
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) April 26, 2023
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، صوبے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، احتیاطی تدابیر میں نالوں کی صفائی، بجلی کے کھمبوں کی مضبوطی اور مقامی سیلاب کی صورت میں سڑکوں تک رسائی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں الیکشن ایک ہی روز کروانے کیلئے متفقہ فیصلہ ہونا چاہیے : چودھری سرور
شیری رحمان نے کہا کہ کشمیر سے کراچی تک غیر مستحکم موسمی نظام اور سیلاب کی توقع ہے، بلوچستان اور ساحلی علاقوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری بھی جاری کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیر برادری کو اورماڑہ، پسنی، گوادر کے درمیان کٹے سمندروں اور شدید موسم کے امکان سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔