اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کے تناظر میں متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کے لئے الرٹ جاری کر دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 15 اپریل بروز ہفتہ سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے جو 20 اپریل تک جاری رہے گا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پیش گوئی کی مدت کے دوران ممکنہ موسمی حالات کے پیش نظر متعلقہ ادارے اور دیگر شراکت دار الرٹ رہیں، متاثرہ علاقوں میں گرد آلود آندھی اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں 15 اپریل سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان
الرٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ، فلڈنگ کا خدشہ ہے، اس صورتحال میں تمام محکموں ، اداروں اور وزارتوں کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ مقامی آبادیوں، مسافروں اور سیاحوں کی معلومات کے لئے پیشگی طور پر ضروری اطلاعات اور انتباہات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ اور بوقت ضرورت سامان و آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: یہ سیاستدان نہیں مافیاز ہیں، افسوس اسٹیبلشمنٹ ان کیساتھ کھڑی ہو گئی، عمران خان
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ بارش کا سبب بننے والا موسمی نظام 15 اپریل کو پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو مغربی اور وسطی حصوں میں پھیل جائے گا، اس موسمی نظام کے زیر اثر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔