لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے گزشتہ ماہ ( مارچ ) کے دوران 14.930 ارب روپے کا ریونیو وصول کیا جو کہ پچھلے سال کی اسی مدت کے دوران 12.95 ارب روپے کے ریونیو سے 15.3 فیصد زیادہ ہے۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مارچ کے دوران پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 140.79 ارب روپے جمع کر کے رواں مالی سال کیلئے مجموعی طور پر ٹیکس وصولی کے 190 ارب روپے کے مقرر کردہ ہدف کا 74 فیصد وصول کر لیا ہے، اس طرح ریونیو وصولی کی گروتھ میں 26.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پنجاب میں تمام ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجراء پر موجودہ پابندی کے باوجود یہ ایک شاندار کارکردگی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے مارچ 2023ء کے دوران پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مد میں 55 کروڑ 50 لاکھ روپے بھی وصول کیے، اس طرح گزشتہ سال کی وصولی 18.1 کروڑ روپے کے مقابلے میں اس کی شرح نمو 207 فیصد ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے نئے چیئر پرسن ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی سکبدوش ہونے والے چیئر پرسن زین العابدین ساہی کی پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے بجٹ کا ہدف حاصل کرنے کیلئے پر امید ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی آر اے گزشتہ 3 سالوں سے ٹیکس دہندگان دوستانہ رضاکارانہ تعمیل کے ماڈل کو اپناتے ہوئے ریونیو کی وصولی کے مقررہ اہداف سے زائد ریونیو اہداف حاصل کر رہا ہے جو کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وسیع استعمال سے ممکن ہوا ہے، یہ غیر دستاویزی معیشت کے حامل پاکستان کے منظر نامے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔