ٹکٹس جمع کروانے کے آخری روز تحریک انصاف کے امیدواروں میں ردوبدل

Published On 26 April,2023 10:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے پی پی 62 سے چودھری طارق گجر، پی پی 194 سے امیر حمزہ سے ٹکٹس واپس لے لیے، پی پی 197 میں رانا آفتاب خان کو دوبارہ ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔

گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی 62 سے چودھری طارق گجر سے ٹکٹ واپس لینے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا، کارکنوں نے جناح روڈ پر ریلی بھی نکالی جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گئی، مظاہرین نے پیسوں کا فیصلہ نامنظور، اعجاز چودھری کا فیصلہ نامنظور کے نعرے لگائے۔

ادھر عارف والا میں تحریک انصاف نے حلقہ پی پی 194 سے امیر حمزہ رتھ کا ٹکٹ کینسل کر کے سلمان صفدر ڈھلوں کو جاری کر دیا، 34 سالہ سلمان صفدر ڈھلوں کا شمار پی ٹی آئی کے دیرینہ ورکرز میں ہوتا ہے۔

امیر حمزہ رتھ 2001 سے 2005 تک تحصیل ناظم عارف والا رہے، 2008 میں آزاد امیدوار اور 2013 میں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر الیکشن لڑا جس میں ان کو شکست ہوئی، 2018 میں بھی امیر حمزہ رتھ کو پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ساہیوال کے حلقہ پی پی 197 میں شکیل خان نیازی کی جانب سے کاغذات واپس لینے پر رانا آفتاب احمد خان کو تحریک انصاف کا ٹکٹ دوبارہ جاری کر دیا گیا، رانا آفتاب کو ٹکٹ جاری ہونے کے بعد شکیل خان نیازی نے 20 اپریل کو کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔

سرگودھا کے پی پی 76 سے عبداﷲ ممتاز کاہلوں کے حق میں دستبردار ہونے والے مہر محسن رضا آرائیں نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹکٹ نہ ملنے پر ریویو میں جانے کا موقع دیا جو میرا حق تھا، پارٹی قائد کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے ہر امیدوار کے ساتھ کھڑا ہوں۔