اسلام آباد، بالائی پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارش، موسم خوشگوار

Published On 28 April,2023 09:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے آج سے 5 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور آندھی کی پیش گوئی کردی، کراچی میں آج رات ہلکی بارش جبکہ کل دوپہر سے شام تک معتدل اور تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے سانگھڑ، مٹیاری اور بدین کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت، کشمیر اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا امکان ہے۔ 

بلوچستان

دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواؤں کے داخل ہونے سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، خضدار کے علاقے آڑنجی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جان کی بازی ہار گئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

ضلع کیچ، پنجگور، واشک، خضدار، مستونگ، لسبیلہ اور ملحقہ علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔

کیچ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، تحصیل تربت میں بارش کے بعد کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین، نوشکئی، نصیر آباد، سبی، خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، خاران اور ساحل مکران میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان اور چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع بھی ہے۔