ممبر پارلیمنٹ خالد محمود اور راجہ نجابت حسین کو اعلیٰ سول ایوارڈ ستارہ پاکستان سے نوازا گیا

Published On 28 April,2023 10:03 pm

لندن: (اظہر جاوید) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر پاکستان کی جانب سے برٹش پاکستانی ایم پی خالد محمود اور کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین کو اعلیٰ سول ایوارڈ ستارہ پاکستان سے نوازا گیا۔

برٹش پاکستانی ممبر پارلیمنٹ خالد محمود کو کشمیر کاز، برٹش پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ پاکستان سے نوازا گیا۔

اسی طرح ممتاز کشمیری رہنما اور انسانی حقوق کے کارکن راجہ نجابت حسین کو بھی اسی تقریب میں کشمیر کاز کے لیے خدمات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھانے پر ستارہ پاکستان سے نوازا گیا۔

ہائی کمشنر معظم احمد خان نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر پاکستان کی جانب سے دونوں معزز شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے ایم پی خالد محمود اور راجہ نجابت حسین کو اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی، ہائی کمشنر نے دونوں شخصیات کو کشمیر کے کاز اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم اور انتھک کوششوں کو سراہا۔

ہائی کمشنر نے برٹش پاکستانی کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کو بھی سراہا، ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی خالد محمود نے اس اعزاز پر اظہار تشکر کیا اور ایوارڈ کو اپنے ساتھی برطانوی پاکستانیوں، کشمیریوں اور ان تمام لوگوں کے نام وقف کیا جنہوں نے ان کی کوششوں میں ان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے برٹش پاکستانی کمیونٹی کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے اور کشمیری عوام کے اُن کے حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

راجہ نجابت حسین نے ان کی خدمات کو تسلیم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کشمیر کاز کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے اپنا ایوارڈ کشمیری عوام اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے کام کرنے والی اپنی ٹیم کے نام کیا۔

ایوارڈ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، مختلف اداروں کے نمائندوں اور میڈیا نے شرکت کی، ایوارڈ سے نوازی جانے والی دونوں شخصیات کو معاشرے کی بہتری کے لیے ان کی شاندار خدمات پر بڑے پیمانے پر مبارکباد اور تعریفیں موصول ہوئیں۔

واضح رہے کہ ستارہ پاکستان ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز میں سے ایک ہے اور صدر پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔