لندن: (ویب ڈیسک)برطانوی شہزادہ چارلس جلد ہی بادشاہ چارلس ہوجائیں گے جس کی تیاریاں زوروشور سےجاری ہیں، اسی تناظر میں ایک خاتون نے 17 لیٹر چاکلیٹ سے ان کا بہت خوبصورت مجسمہ بنایا ہے۔
اس کی تیاری میں ٹِوکس، ملکی وے، باؤنٹی اور گیلکسی چاکلیٹیں بھی لگائی گئی ہیں۔ سینے سے کچھ نیچے کا تک کا یہ مجسمہ عین چارلس کی جسامت کے لحاظ سے بنایا گیا ہے جس کا کل وزن 23 کلوگرام تک ہے، اس کی تیاری میں ایک ماہ کا عرصہ بھی لگا ہے۔
لیکن اس کی تیاری میں سب سے اہم چیلنج یہ تھا کہ آخر مائع چاکلیٹ کو کس طرح سے شہزادہ چارلس کے چہرے میں ڈھالا جائے، اس کے لیے ماہرین کو بلایا گیا اور مجسمہ سازی کی طرح چاکلیٹ کو برتا گیا تاکہ حقیقی خدوخال حاصل کئے جائیں۔
پھر لباس پر مختلف برانڈ کی چاکلیٹیں بھی لگائی گئی ہیں، بادشاہ چارلس اس یادگار تقریب میں جو لباس پہنیں گے عین وہی لباس مجسمے پر لگایا گیا ہے، جبکہ کندھے پر پٹیاں اور سینے پر بیج بھی ملکی وے اور باؤنٹی چاکلیٹ وغیرہ سے بنائے گئے ہیں۔