لندن: (ویب ڈیسک) چھبیس اعشاریہ دو میل طویل لندن میراتھن کینیا کے کیلون کیپٹم نے اپنے نام کر لی۔
دوڑ کا آغاز گرینچ سے ہوا جس میں شرکا کینیری وارف، ٹاوربرج اور ٹریفالگر اسکوائر سے دوڑتے ہوئے بکنگھم پیلس کے سامنے مال پر پہنچے۔
میراتھن میں شامل دوڑنے والا ہر ایتھلیٹ کسی نہ کسی چیرٹی کے لئے رقم جمع کرنے کے مقصد سے دوڑ رہا تھا۔
میراتھن میں 10 سے زائد پاکستانیوں نے حصہ لیا اور پاکستان کی نمائندگی کی۔
26 اعشاریہ 2 میل کا فاصلہ سب سے پہلے کینیا کے کیلون کیپٹم نے طے کیا، انہوں نے دو گھنٹے ایک منٹ اور 25 سیکنڈز میں ٹائٹل اپنے نام کیا۔
میراتھن مقابلے میں دوسری پوزیشن کینیا ہی کے جیفری نے تین منٹ کے فرق سے اپنے نام کی۔
ویمنز کی ریس میں نیدرلینڈز کی سیفان حسن سب سے آگے رہیں، انہوں نے فاصلہ دو گھنٹے اٹھارہ منٹ 33 سیکنڈز میں طے کیا، ایتھوپیا کی ایتھلیٹ ایلیمو نے صرف پانچ سیکنڈز کے فرق سے دوسری پوزیشن حاصل کی۔