اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 3 مئی کو آل پارٹی کانفرنس بلالی، کانفرنس اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں صبح 10 بجے شروع ہوگی جس میں دیگر جماعتوں کے ہمراہ تحریک انصاف بھی شرکت کرے گی۔
تمام جماعتوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف اور جمیعت علماء اسلام کو بھی آل پارٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس پر تحریک انصاف نے اے این پی کی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر کو اے پی سی میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کو اے پی سی میں تحریک انصاف کی شرکت پر تحفظات ہیں، جے یو آئی کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا۔
ترجمان اے این پی کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ جے یو آئی نے پی ٹی آئی کو دعوت نہ دینے کی کوئی شرط نہیں رکھی، اے پی سی میں موجودہ سیاسی بحران کے حل اور ایک ہی دن الیکشن کروانے پر قومی اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی۔