اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے چار سال اپنے دماغ سے صرف ملک کو لوٹا، باقی سب دوسروں کے کہنے پر کیا۔
عمران خان کے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنرل باجوہ نے تمہیں اور تم نے 22 کروڑ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا تھا، تمہیں کبھی آئی ایس آئی نے دوسروں کی کرپشن کا بتایا، کبھی باجوہ نے بتایا، تمہارے ثبوت کہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باجوہ اپنی توسیع کیلئے امریکا سے لابنگ کر رہا تھا اور تم بند کمرے میں اسے تاحیات ایکسٹینشن کی آفر کر رہے تھے؟، باجوہ نے ہزار بار کہا ہو تم نے اسمبلیاں کسی کے کہنے پر کیوں توڑیں؟، قوم کو چار سال سمجھ نہیں آیا ملک اور عوام کو تم نے کس طرح، کیسے اور کہاں کہاں سے لوٹا، عوام اور ملک کے ساتھ جو ہوا تاریخ میں کہیں کسی ملک کے ساتھ یہ ظلم نہیں ہوا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے چار سال صرف اپنی بیگم اور اُن کی سہیلی کو نوازا، چار سال صرف آٹا، چینی، بجلی گیس مافیا کو نوازا، "ملک میں مارشل لگا دیں" کا بیان فارن فنڈڈ فتنے کی اصل نیت اور مقاصد کا ثبوت ہے، تم نے سازش کر کے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نمائندوں کی توہین کی۔