زندگی خطرے میں ڈال کر ذمہ داری ادا کرنے والے صحافیوں پر فخر ہے: اعظم نذیر تارڑ

Published On 03 May,2023 07:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بہادر اور جرأت مند صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اپنی زندگیوں کو خطرات میں ڈال کر پیشہ ورانہ ذمہ داری ادا کرنے والے صحافیوں پر فخر ہے۔

اپنے ایک بیان میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی کیلئے آزادی صحافت کا فروغ ناگزیر ہے، مجودہ حکومت اور وزارت قانون میڈیا سے متعلق تمام مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہیں، اپنی ذمہ داریاں غیر جانبداری سے سر انجام دینے والے صحافیوں کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، آزاد صحافت جمہوریت اور قانون کی بالادستی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں میڈیا کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے، پسماندہ طبقات کی آواز کو حکومت تک پہنچانے میں آزاد میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، آزادی صحافت کی آڑ میں جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانا صحافتی اصولوں اور قوانین کے منافی ہے، میڈیا کی آزادی کی اہمیت کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ صحافیوں کو بغیر کسی مداخلت کے اپنا کام کرنے کی آزادی حاصل ہونی چاہیے، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، قومیں نوجوانوں سے بنتی ہیں، سارے اتار چڑھاؤ کے باوجود ہم نے 2 مارشل لا دیکھے، ہم نے دہشتگردی کی لمبی جنگ لڑی، ہمارے آئین نے 6 زبانیں بولنے والی قوم کو ایک لڑی میں پروئے رکھا، آئین ہی ہمیں متحد رکھتا ہے۔