فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے نوجوانوں کو مخالفین کو چور، ڈاکو کہنا سکھایا، اس نے نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت پھیلائی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی، جب یہ مخالفین کو چوری کے طعنے دے رہا تھا اس وقت فرح گوگی اربوں روپے اکٹھے کر رہی تھی، برطانیہ سے 60 ارب پاکستان کے خزانے میں آنا تھا، القادر ٹرسٹ میں اس کو گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے بعد عمران خان کا مذاکرات کی بات کرنا ڈھونگ ہے: شازیہ مری
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نے وزیر آباد حملے کا الزام شہباز شریف، مجھ پر اور سینئر افسر پر لگایا، اس نے پورے ملک میں نفرت پھیلانے کی کوشش کی، جس معاشرے میں نفرت پھیلے وہ تباہ ہو جاتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نیازی نے کہا مخالفین کو چھوڑوں گا نہیں اور بات نہیں کروں گا، اقتدار میں رہتے ہوئے اس نے 4 سال شہباز شریف سے ہاتھ نہیں ملایا تھا، جب بھارت نے حملہ کیا تو فوج نے کہا سب بیٹھیں بریفنگ دیں گے، شہباز شریف سمیت اس وقت کی تمام اپوزیشن ایک ہال میں بیٹھ گئی، سابق آرمی چیف ڈیڑھ گھنٹہ اس کی منت کرتا رہا لیکن یہ میٹنگ میں نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: شہداء کی یادگاریں جلانے والے دہشتگردوں سے کوئی بات نہیں ہو گی: نواز شریف
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا، جناح ہاؤس کو پہلے لوٹا پھر آگ لگا دی گئی، پہلے مذاکرات سے انکار اور آج مذاکرات کی باتیں کر رہا ہے، پہلے کہتا تھا تم لوگوں کو دیکھنا نہیں چاہتا، اب اکیلا بیٹھ کر کہہ رہا ہے مذاکرات کر لیں، ایک طرف نفرت، تکبر، غرور اور دوسری طرف یہ حال ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اب یہ اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں، اب کہتا ہے مذاکرات کریں، تمہارے ساتھ مذاکرات کریں تو پھرکیا شہدا کی فیملیز ہمیں چھوڑیں گی؟ 9 مئی میں ملوث لوگوں کو قانون کا سامنا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: جناح ہاؤس حملے کے پیچھے دشمن ملک بھارت کا ایجنڈا ہے، مشعال ملک
انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی والے سیاست کو خیرباد کہہ رہے ہیں، عمران اسماعیل 13 دن بعد عمران کو خدا حافظ کہہ رہا ہے، ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے میرے خلاف وہ مقدمہ بنایا جس کی سزا موت تھی، ایک ماہ بعد مجھے عدالت پیش کیا گیا تھا، عدالت میں کہا تھا اپنے لیڈر نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں، ان پر تھوڑا سخت وقت آیا تو رونا شروع کر دیا۔