ابھی تک ایمرجنسی کے نفاذ پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا، رانا ثناء اللہ

Published On 12 May,2023 04:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں بہت سے تجاویز آتی ہیں، ابھی تک ایمرجنسی کے نفاذ پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز اہلکار ہائی کورٹ کے باہر موجود ہیں، گورنمنٹ کی طرف سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، اگر آرڈر آتے ہیں کہ گرفتار نہ کیا جائے تو اس کے مطابق عمل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ کے بیشتر اراکین کا وزیراعظم کو ملک میں ایمرجنسی لگانے کا مشورہ

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا جواز بنتا ہو تو گرفتار کیا جائے گا، القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں ان کو 2 ہفتے کی ضمانت دی گئی ہے، جو کل سپریم کورٹ میں ہوا اس کی مثال پچھلے 75 سال میں نہیں ملتی، سہولت کاری کے نئے طریقے ایجاد ہو رہے ہیں، عدلیہ کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے، عمران خان کی اپنی ذاتی تقاریر موجود ہیں، جو کچھ بھی ہوا ہے عمران خان کی ایما پر ہوا ہے، عمران خان نے پوری محنت سے یہ صورتحال پیدا کر دی ہے، جو عمران خان نے کیا وہ اب واضح ہوگیا ہے۔

Advertisement