اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے فل کورٹ کی بات کی تو چیف جسٹس سے استدعا ہو گی کہ غور کریں، وزیر اعظم کی نااہلی کی صورتحال پیدا ہوئی تو ہم بھی پوری طرح تیار ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی نتائج ہوں، ہم پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، آئین مدت سے آگے جانے کی اجازت دے گا تو جائیں گے، آئین میں گنجائش نہ ہوئی تو الیکشن کسی صورت آگے نہیں جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تین، دو، تین چار کا مسئلہ عمران کے رویئے کی وجہ سے پیدا ہوا، عمران خود کو سیاست دان کے طور پر متعارف کرائیں اور سیاست دانوں کے ساتھ بیٹھیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا دور حکومت معاشی بدحالی، ہمارا ایک سال کامیابی کا سال ہے، مریم اورنگزیب
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر پنجاب پولیس اور آئی جی پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن میں اغوا شدہ دو معصوم بچوں کی زندہ سلامت بازیابی پنجاب پولیس کی عمدہ کارکردگی کی عکاس ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ آئی پنجاب نے آپریشن کو خود لیڈ کر کے ایک عمدہ اور اعلیٰ مثال قائم کی، کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کیلئے پنجاب پولیس کا آپریشن قابل ستائش ہے، وفاقی حکومت پوری طرح سے اس آپریشن کے ساتھ کھڑی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس آپریشن میں وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، اس آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں، افسران اور آئی جی پنجاب کی فرض شناسی اور دلیری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، اس سلسلے میں وزارت داخلہ وزیر اعظم کو سفارش کرے گی۔