14 مئی کو اگر الیکشن ہوئے بھی تو کوئی تسلیم نہیں کرےگا: رانا ثناء

Published On 22 April,2023 11:31 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اکتوبر سے پہلے الیکشن کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو بیٹھنا ہوگا، 14 مئی کو اگر الیکشن ہوئے بھی تو کوئی تسلیم نہیں کرےگا۔

عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑنےکے بعدالیکشن کا مطالبہ نقصان کا باعث بن رہا ہے،آئین کے مطابق الیکشن ایک ہی دن نگران حکومت کے تحت ہونے چاہئیں، عدلیہ کا بے پناہ احترام کرتے ہیں، سپریم کورٹ کے اندر سے بھی آوازیں اُٹھ رہی ہیں، قانون بننے سے پہلے اس پر عملدرآمد روک دیا گیا،عدالتی اصلاحات بل پرعملدرآمد روکنا ہماری نظر میں درست نہیں، آئینی بحران کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ملک و قوم پراپنا کرم کرے ،2014 سےعمران کوشش کررہا تھا کہ قوم کو تقسیم کرے، قوم کو تقسیم کرنے کیلئےعمران خان نے بہت جدوجہد کی، عمران کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران کا شکار ہے، ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو گیس، بجلی، پیٹرول کی قیمت نہ بڑھتی، عمران خان حکومت کیخلاف مہم جوئی میں مصروف ہے، عمران خان نے مخصوص عمر کے بچوں کو ورغلایا ہوا ہے، قوم اس فتنے کا ادراک نہیں کرے گی تو یہ کسی حادثے سے دو چار کردے گا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اسمبلی جائز وجہ پر تحلیل ہو تو 90 دن میں الیکشن ہونے چاہئیں، اس آدمی نے اپنی اناکی خاطر اسمبلیاں توڑیں، پنجاب میں الیکشن کی جلدی ہے ،90 دن میں کے پی میں الیکشن کی بات کیوں نہیں ہوتی، ایک صوبے میں الیکشن ہوں گے تو انہیں کوئی تسلیم نہیں کرے گا، پورے ملک میں الیکشن ایک دن ہونے چاہئیں، حکومت مذاکرات کیلئے تیار ہے ،26 اپریل کو حکومتی کمیٹی پی ٹی آئی سے رابطہ کرے گی، ہماری کوشش ہے کہ بیٹھ کر بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل قانون بن گیا ہے، سپریم کورٹ کے بل کو قانون بننے سے پہلے سٹے دینا آئینی طور پر درست نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مطلب وزیراعظم نہیں پوری کابینہ ہے، پارلیمنٹ نے الیکشن کیلئے فنڈ دینے کے بل کو مسترد کر دیا، بل مسترد ہونے کے بعد حکومت کو21 ارب کے فنڈ دینے کا اختیار نہیں، چیف جسٹس کو اس سے آگاہ کریں گے، چیف جسٹس چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ کو حکم دے دیں، آج اسٹیبلشمنٹ ہمارے خلاف نہیں، وفاقی حکومت ہمارے پاس ہے، میری نظر میں ہم یہ الیکشن آسانی سے جیت سکتے ہیں، ہماری پارٹی میں مؤقف تھا کہ الیکشن لڑیں اورجیتیں۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا ہے کہ 14 مئی کو الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، اگر الیکشن ہوئے بھی تو کوئی نتائج تسلیم نہیں کرے گا،اس قسم کا الیکشن نہ کروائیں جو ملک میں انارکی لائے، الیکشن جب بھی ہوں گے نوازشریف ن لیگ کو لیڈکریں گے۔

Advertisement