اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے اشیائے خورو نوش کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر داخلہ کے زیر صدارت اشیا خور و نوش گندم، چینی، کھاد کی سمگلنگ کی روک تھام بارے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت سید نوید قمر نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ، وزیر صنعت مخدوم مرتضیٰ محمود، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین ایف بی آر آصف احمد اور وفاقی و صوبائی اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای سے 1 ارب ڈالر کی فنانسنگ کیلئے معاملات طے پاگئے، وزارت خزانہ
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی ملک سے باہر سمگلنگ ایک ہنگامی صورتحال کا باعث بن رہی ہے، انہوں نے اشیا کی سمگلنگ میں ملوث لوگوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سمگلنگ میں ملوث افسران اور عملہ کے خلاف بھی سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی، اداروں کے جوائنٹ آپریشن اور انٹیلی جنس شیئرنگ پر کام کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ جوائنٹ چیک پوسٹس اور جوائنٹ پٹرولنگ پر عملدرآمد جلد یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بارڈر کنٹرول کے نظام کو بھی مزید فعال اور بین الاصوبائی نقل وحمل پر بھی نظر رکھی جائے، زیادہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں سال بڑی معیشتوں میں برطانیہ کی معاشی کارکردگی سب سے خراب رہی
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بارڈر کے ساتھ ساتھ، سمگلنگ کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہو تو وزارت قانون اور ایف بی آر جلد ٹاسک مکمل کریں۔