رواں سال بڑی معیشتوں میں برطانیہ کی معاشی کارکردگی سب سے خراب رہی

Published On 12 April,2023 08:55 am

لندن: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ رواں سال دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں برطانیہ کی معاشی کارکردگی سب سے خراب رہی ہے۔

برطانیہ کی معاشی کارکردگی کے حوالے سے جاری کردہ اپنی رپورٹ میں آئی ایم ایف نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں برس برطانیہ کی معیشت گزشتہ سال کے مقابلے میں معمولی بڑھوتری کے باوجود مزید سکڑ جائے گے۔

قبل ازیں آئی ایم ایف نے برطانیہ سے متعلق خبردار کیا تھا کہ سال 2022ء میں وبا کے باوجود ٹاپ پر رہنے والا یہ ملک رواں برس دنیا کی 7 بڑی معاشی طاقتوں پر مشتمل جی 7 بلاک میں سب سے نیچے پہنچ جائے گا۔

آئی ایم ایف کے مطابق 2023ء میں عالمی معاشی شرح نمو 2022ء کے 3.4 فیصد سے کم ہوکر 2.8 فیصد تک پہنچ جائے گی جبکہ آئندہ 5 برسوں میں آہستہ آہستہ 3 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔

آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ 2 امریکی بینکوں کے دیوالیہ ہونے اور سوئس بینک کے ٹیک اوور کے بعد ایک اور عالمی مالیاتی بحران کا خوف پیدا ہو گیا ہے۔