پاراچنار کے سرکاری سکول میں فائرنگ سے 8 اساتذہ جاں بحق

Published On 04 May,2023 04:50 pm

پاراچنار: (دنیا نیوز) تری مینگل ہائی سکول میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 8 اساتذہ جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق سرکاری ہائی سکول میں نامعلوم افراد نے سکول کے سٹاف روم میں فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے 7 اساتذہ جاں بحق ہو گئے، اس سے قبل نامعلوم افراد کی شلوزان روڈ پر چلتی گاڑی پر فائرنگ سے ایک ٹیچر جاں بحق ہو گیا۔

بورڈ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔

 

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ بے گناہ افراد کا قتل افسوسناک ہے، واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بنائے گئے تمام ٹیچر امتحانی ڈیوٹی پر مامور تھے، پولیس نے ٹیچرز کو قتل کرنے والے ملزموں کی تلاش شروع کر دی جبکہ جاں بحق ٹیچرز کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

افسوسناک واقعہ پرعارف علوی کی مذمت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف نے اپر کرم اور پارہ چنار میں 8 اساتذہ کے قتل کی شدید مذمت کی، صدر مملکت نے ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کے دو واقعات میں قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ علم دشمنوں کی جانب سے اساتذہ پر حملہ قابل مذمت ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، مملکت نے مرحوم اساتذہ کیلئے بلندی درجات اور ورثا سے اظہار ہمدردی و صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی مذمت، رپورٹ طلب
وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کی اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعظم نے فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق اساتذہ کے بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔

شہباز شریف نے مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

محسن نقوی کا اظہار افسوس
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پارا چنار میں پاک افغان سرحد کے قریب سکول میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اساتذہ کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جاں بحق اساتذہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، سکول میں اساتذہ پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق اساتذہ کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو کی ورثا سے تعزیت
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کرم ایجنسی میں اساتذہ کے قتل کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث ملزمان کو فوری طور قانون کی گرفت میں لایا جائے، پولیس و انتظامیہ واقعے کے متعلق فوری تحقیقات کریں، حقائق سے عوام کو آگاہ کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جا سکتا، آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے، بلاول بھٹو نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق اساتذہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔
 

Advertisement