لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی کرپشن پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید رہنماؤں کے گرد شکنجہ کسنے کی تیاریاں کرلیں۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے رہنما تحریک انصاف و سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو کو 5 مئی کو طلب کیا ہے، اینٹی کرپشن کی جانب سے خیال احمد کاسترو کو طلبی کا نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی ایز میاں وارث عزیز، عادل پرویز گجر، شکیل شاہد اور عمر فاروق کو بھی بلاوا بھجوایا گیا ہے، سابق ارکان پنجاب اسمبلی کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کیلئے پارلیمانی سیاست کی راہ ہموار
ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف اختیارات سے تجاوز، کرپشن اور ٹھیکوں میں گھپلوں کی انکوائریاں چل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو سمیت دیگر کو اس سے قبل بھی نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، خیال احمد کاسترو اور سابق ایم پی ایز پیش نہ ہوئے تو یک طرفہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔