راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقہ دیردونی میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ تمام شہدا کی نمازجنازہ بنوں میں ادا کی گئی، جس کے بعد ان کے جسد خاکی کو متعلقہ آبائی علاقوں کو بھجوا دیا گیا۔
نماز جنازہ میں فوجی افسروں ،جوانوں، سول افسروں نے شرکت کی، نماز جنازہ میں شہدا کے رشتے دار اور مقامی لوگ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے، تمام شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیوں سے ہمارا عزم اور حوصلہ مزید بلند ہوتا ہے۔