لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس میں انتخابی مہم کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے حلقوں میں الیکشن مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام امیدوار انتخابی مہم تیز کر دیں، ڈور ٹو ڈور مہم، ریلیوں اور جلسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: جیل اور زیرِحراست تشدد سے نظریات کا خون نہیں کیا جا سکتا: عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک تحریک انصاف کا بیانیہ پہنچایا جائے، امیدوار اپنے حلقوں میں پارٹی کے ناراض دھڑوں کے تحفظات دور کر کے انہیں الیکشن مہم میں شامل کریں۔
اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، امتیاز شیخ، زبیر خان نیازی، ملک سرفراز کھوکھر، غلام محی الدین، ندیم بارا، ملک وقار، مہر واجد عظیم، میاں محمود الرشید، میاں اکرم عثمان، میاں عباد فاروق، ناصر سلیمان، اعظم خان نیازی سمیت دیگر نے شرکت کی۔