ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پی ڈی ایم سرکار کو آئین شکنی سے روک رہی ہے۔
ڈبل پھاٹک چوک پر سپریم کورٹ اور چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام یونین کونسلز کے دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ سب نے عمران خان صاحب کی خواہش پوری کی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آئین کی تشریح کر رہے ہیں اور پی ڈی ایم کی سرکار کو کہہ رہے ہیں کہ آئین شکنی نہ کریں، پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے ان کی ایک سال کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔
— PTI (@PTIofficial) May 6, 2023
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جیب خالی ہے، معیشت کی بدحالی ہے، یہ سب اس سرکار کی ناکامی ہے، میں نے مذاکرات کی ساری کہانی چیف جسٹس کے سامنے عیاں کر دی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کی نیت نہیں ہے الیکشن کروانے کی، پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے، آنے والا دور تحریک انصاف کا ہوگا اور تحریک انصاف ملک بھر سے کلین سویپ کرے گی۔