الیکشن تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: عمران خان، 14 مئی کے بعد احتجاج کا اعلان

Published On 06 May,2023 07:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 14 مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو آئندہ ہفتے سے سڑکوں پر ہوں گے، جب تک الیکشن نہیں ہوتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

لاہور میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے دو بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی، ہمارے اوپر قاتلانہ حملے ہوئے کسی کو پرواہ نہیں، قوم کا نقصان ہو رہا ہے ان کو پرواہ نہیں، اس وقت ملک میں الیکشن کی ضرورت ہے، الیکشن کے ذریعے عوامی نمائندوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے عمران خان کی قیادت میں ریلی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے اس ملک کو مہنگائی اور تباہی کا تحفہ دیا ہے، جنرل باجوہ نے جو اس ملک کے ساتھ کیا وہ دشمن بھی نہ کرے، شہباز شریف سے پوچھتا ہوں کہ آپ برطانیہ کیا کر رہے ہو؟ جو آج پاکستان کے حالات ہیں اب قوم کو باہر نکلنا چاہیے، آزادی کیلئے سیاست نہیں جہاد ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ ہم قانون کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے جہاد کر رہے ہیں، ہم تب تک سانس نہیں لیں گے جب تک الیکشن کروا کر آزاد نہیں ہوتے، امپورٹڈ حکومت میں تین گنا مہنگائی زیادہ ہوئی، مہنگائی میں لوگ ڈوب رہے ہیں، انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، امپورٹڈ حکومت کی وجہ سے دنیا میں پاکستان ذلیل ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 121 مقدمات یکجا اور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے درخواستیں دائر

انہوں نے کہا کہ جس طرح کا رویہ بھارتی وزیر خارجہ کا تھا ہم سب کیلئے شرمندگی کا باعث ہے، بلاول بھٹو نے جانے سے پہلے کسی سے پوچھا کہ اس دورے کا فائدہ یا نقصان کیا ہو گا؟، بھارتی وزیر خارجہ سے بھی پوچھتا ہوں کہ کیا آپ میں کوئی تہذیب ہے؟، اپنے ملک میں ایک مہمان کو بلا کر اس طرح کا رویہ بھارت کو زیب نہیں دیتا۔
 

Advertisement