مفت آٹا سکیم کرپشن: انکوائری کرا کے شہباز شریف سے پائی پائی وصول کریں گے: پرویز الہٰی

Published On 06 May,2023 07:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کی کہانی ختم ہو چکی، اب صرف سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہو گا، مفت آٹا سکیم میں 20 ارب سے کہیں زیادہ کی کرپشن ہوئی ہے، مفت آٹا سکیم میں کرپشن کی انکوائری ہم کرائیں گے۔

تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی سے سابق صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، چودھری محمد اکرم، عامر سلطان چیمہ، چودھری گلزار، چودھری مقصود سلہریا، لیاقت بھدر، منظور وڑائچ ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ چیف جسٹس کو گھر بھیجنے کی دھمکیاں دینے والے اس بار خود گھر جائیں گے، پوری قوم جسٹس عمر عطا بندیال کے ساتھ کھڑی ہے، وہ قوم کے ہیرو بن چکے ہیں، انہوں نے آئین پاکستان اور اپنے حلف کی پاسداری کا حق ادا کر دیا ہے، چیف جسٹس کے آئین کی بالادستی پر مبنی فیصلے کی گونج امریکی کانگریس میں بھی سنائی دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا مفت آٹا سکیم کے آڈٹ کا فیصلہ

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ بریڈ شرمین سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد نہ ہونے پر حیرت اور تشویش کا اظہار کر چکے ہیں، نواز شریف نے پی ڈی ایم میں اپنی ویٹو پاور سے مذاکرات کو کامیاب نہیں ہونے دیا، وہ پاکستان میں الیکشن نہیں بلکہ انارکی چاہتے ہیں، پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شہباز شریف اور نگران وزیر اعلیٰ کی مفت آٹا سکیم لوٹ مار کا منصوبہ ہے، شاہد خاقان عباسی نے تصدیق کر دی ہے۔

تحریک انصاف کے صدر نے کہا کہ شہباز شریف اور نگران وزیر اعلیٰ مفت آٹا سکیم میں کرپشن کی انکوائری کبھی نہیں کرائیں گے، وزیر اعظم اور نگران وزیر اعلیٰ سے قوم کی پائی پائی وصول کریں گے، عمران خان اور میرے گھر پر حملے کرانے والوں کو پنجاب کے عوام الیکشن میں اس کا جواب دیں گے، کٹھ پتلی نگران حکومت کے ساتھ الیکشن کے بعد عوام جو کرے گی یہ تماشا پوری دنیا دیکھے گی۔
 

Advertisement