لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، اسد عمر، میاں اسلم اقبال اور فرخ حبیب سمیت 8 ملزمان کی ضمانتیں کنفرم کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ شاد مان پولیس نے کینال روڈ پر توڑپھوڑ کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
اسد عمر
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھارت سے ذلت کما کر لانے کے سوا کیا لائے ہیں، ان کے جانے کے باوجود بھارت نے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ بلاول نے بھارت جا کر دنیا میں پاکستان کو شرمندہ کیا، بلاول نے بھارت کے تابعدار ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ججز کے فیصلے کے بعد تنقید نہیں کی ملک میں آئین نہیں ہوگا تو ملک نہیں چل سکے گا، آئین کو توڑ کر ملکی سلامتی کیلئے خطرہ پیدا کیا جا رہا ہے۔