لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل الیکشن ہے، سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی کنگ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں جاکر قوم کا پیسہ ضائع کیا جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت جاکر پاکستان کی بےعزتی کرائی ہے۔
انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ’’ عدلیہ کا کردار اور جمہوری معاشروں میں قانون کی حکمرانی کی اہمیت “ رکھا گیا تھا۔
سمپوزیم سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ غریب اور امیر ممالک میں قانون کی حکمرانی کا فرق ہے، برطانیہ جا کر قانون کی حکمرانی کا احساس ہوا، 27 سال پہلے انصاف کے نظام کیلئے تحریک کا آغاز کیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے سسٹم میں فوج کی جڑیں مضبوط ہیں، پاکستان کی تاریخ میں نصف وقت فوجی حکومت اور باقی دو خاندانوں کی حکومت رہی، یہ دونوں خاندان قانون کی حکمرانی کو تسلیم نہیں کرتے۔
عمران خان نے کہا کہ میری حکومت ختم کر کے اپوزیشن جماعتوں کو پیسے کے زور پر حکومت میں لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں ختم کئے جانے کے بعد 90 روز میں الیکشن ہونے چاہیں، مطالبے کے باوجود الیکشن نہیں کرائے جارہے، کبھی پیسے اور کبھی سکیورٹی کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، 37 ضمنی الیکشنز میں سے ہم نے 30 میں کامیابی حاصل کی ہے، انہیں ہماری مقبولیت کا اندازہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد تک جاپہنچی ہے، ملکی مسائل کا حل صرف الیکشن ہیں، خوفزدہ ہونے کے سبب آئین سے انحراف کیا جارہا ہے، آج میں نے عوام سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی حمایت میں مظاہرے کرنے کو کہا ہے، آئین کو تسلیم نہ کیا گیا تو ملک کیسے چلے گا۔