پی ٹی آئی کا وفاقی دارالحکومت میں ریلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

Published On 05 May,2023 11:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی نے وفاقی دارالحکومت میں ریلی نکالنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

6 مئی کو اسلام آباد میں ریلی کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے اجازت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کو ریلی کا این او سی جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 2022ء کے فیصلے کی روشنی میں زیرو پوائنٹ سے ایف نائن پارک تک ریلی کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کے پرامن کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روکا جائے، ڈی سی کو احکامات دئیے جائیں کہ وہ آئی جی کو ریلی کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کریں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ریلی کے این او سی کے لیے ڈی سی سے رجوع کیا گیا مگر انہوں نے انکار کردیا، عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پی ٹی آئی نے ہفتے کو ملک بھر ریلیاں نکالنے کا اعلان کررکھا ہے۔

Advertisement