لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان ( سی جے پی ) جسٹس عمر عطا بندیال سے اظہار یکجہتی کے لئے صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج ریلیاں نکالی جائیں گی۔
چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت آج شام ساڑھے پانچ بجے ملک بھر میں ایک گھنٹے کی ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ عمران خان خود لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گے۔
خیال رہے کہ لاہور میں نکالی جانے والی ریلی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے شروع ہو کر لکشمی چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔
آئین، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حق میں تحریک انصاف کل یعنی ہفتے کو 4 شہروں (لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور) میں ریلیوں کا انعقاد کر رہی ہے۔ لاہور ریلی زمان پارک سے شروع ہو کر لکشمی چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔ عوام ریلی میں بھرپور شرکت کر کے مسلط کردہ گروہ کو بتائے… pic.twitter.com/NkILtwjxlu
— PTI (@PTIofficial) May 5, 2023
گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں ریلیاں نکالیں گے، لاہور میں ریلی کی قیادت میں خود کروں گا، پورے ملک میں عوام ساڑھے 5 سے ساڑھے 6 کے درمیان باہر نکل کر اپنی یوسیز میں چیف جسٹس کیساتھ اظہاریکجہتی کریں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی کی مشروط اجازت
سابق وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی کہ یہ ایک فیصلہ کن وقت ہے آپ کو نکلنا پڑے گا، سپریم کورٹ کےمطابق 14 مئی کو انتخاب ہونا ہے، حکومت عدالت کے فیصلے کو نہیں مان رہی، انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ماننا، جس ملک میں حکومت عدالت کا فیصلہ نہ مانے وہاں بنیادی حقوق ختم ہو جاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے سب کو سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، آئین کو بچانا ہے،عوام باہر نکل کر پیغام دے کہ قوم چیف جسٹس کیساتھ کھڑی ہے، ہم نے ان کو پیغام دینا ہے کہ قوم کدھرکھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مجھے بار بار طنز کرتے تھے اگر الیکشن چاہتے ہو تو اسمبلیاں تحلیل کر دو، اب آئین کی دھجیاں اڑانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، ہم صرف عدلیہ کی جانب دیکھ رہے ہیں، ہر روز ہمارے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، ہمارا جینا مرنا اسی ملک میں ہے، ہم ملک چھوڑ کر جانے والے لوگ نہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہماری لڑائی مافیاز کے ساتھ ہے، آخری گیند تک لڑنا ہے، کبھی پیسوں، کبھی بجٹ، کبھی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے بہانے لگا رہے ہیں، آئین کے اندر واضح ہے 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، نگران حکومتوں کی مدت ختم ہو چکی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ریلی کے اعلان پر اسلام آباد پولیس نے اجازت نہ لینے پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ جلسے، جلوسوں اور ریلیاں نکالنے پر پابندی ہے۔ اسلام آباد پولیس سے کسی ریلی کی اجازت نہیں لی گئی۔
— Islamabad Police (@ICT_Police) May 5, 2023
بغیر اجازت ریلیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کل شہریوں کو رستوں کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
شہری سفر کرنے سے پہلے…
اسلام آباد پولیس کے مطابق دفعہ 144 نافذ ہونے کے باعث کسی بھی قسم کے جلسے، جلوسوں اور ریلیاں نکالنے پر پابندی ہے۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس سے کسی بھی ریلی کی اجازت نہیں لی گئی، بغیر اجازت ریلیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔