چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے عمران خان کی قیادت میں ریلی

Published On 06 May,2023 04:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اعلیٰ عدلیہ اور چیف جسٹس آف پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تحریک انصاف کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔

لاہور میں ریلی کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کی، ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، ریلی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے شروع ہو کر لکشمی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، فرخ حبیب، مسرت جمشید چیمہ، زبیر نیازی، فیصل جاوید اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید شامل تھے، عمران خان نے لکشمی چوک پر کارکنان سے خطاب بھی کیا۔

قبل ازیں ریلی کے آغاز پر چیئرمین تحریک انصاف کا اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ ریلی کا آغاز کر رہا ہوں، آج آپ جہاں بھی ہیں آپ کے لیے ضروری ہے آئین سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے لیے گھر سے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک گھنٹے کے لیے آپ نے ہر صورت میں باہر نکلنا ہے، اگر اس ملک کا آئین ٹوٹ گیا تو ملک ٹوٹ جائے گا، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آئین ختم ہو جائے گا، اگر ایسا ہوا تو اس ملک کا اور آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

دوسری جانب پشاور میں عمران خان کی کال پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پیر زکوڑی پل سے ریلی نکالی، کارکنوں نے عدلیہ سے اظہار یک جہتی اور آئین کی بالادستی کے حق میں نعرے بازی کی، ریلی میں خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنان نے زیرو پوائنٹ سے ریلی نکالی، کارکنوں نے آئین بچاؤ ملک بچاؤ کے نعرے لگائے۔

کارکنوں کی آمد سے قبل زیرو پوائنٹ پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی، بکتر بند گاڑی اور واٹر کینن بھی زیرو پوائنٹ پر موجود تھی، زیرو پوائنٹ سے شروع ہونے والی ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل اسدعمر نے کی۔

راولپنڈی میں تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کے لیے کمیٹی چوک سے شروع ہونے والی ریلی مڑیڑ چوک پر پہنچ کر ختم ہوئی، ریلی میں پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان، شیخ راشد شفیق اور واثق قیوم عباسی سمیت مختلف رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں ریلیاں نکالیں گے، پورے ملک میں عوام ساڑھے 5 سے ساڑھے 6 کے درمیان باہر نکل کر اپنی یوسیز میں چیف جسٹس کیساتھ اظہاریکجہتی کریں۔

Advertisement