لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما افتخار درانی نے کہا ہے کہ اس ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان سے دکھ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے سینئر ملٹری افسر کیخلاف بیانات غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد ہیں، سیاسی رہنما سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قانونی راستہ اختیار کریں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’ آن دی فرنٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عمران خان لیگل راستہ کیسے اپنائیں ان کی تو ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی، کس نے وزیرآباد کی جے آئی ٹی روکی؟ ، یہی تورونا ہےعدالت نہیں جانے دے رہے، ادارے کوفرد واحد سےالگ کرنا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے مسلسل سینئر ملٹری اور انٹیلی جنس آفیشلز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہ الزامات سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے لگائے جا رہے ہیں، ادارہ ان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہے۔
افتخار درانی نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے بیان سے دکھ ہوا، ان کی طرف سے یہ بیان آنا چاہیے تھا کہ ہم الزام پر تحقیقات کریں گے، عمران خان کودن دہاڑے گولیاں لگیں یہ شواہد ہیں، ہمت کریں اورانکوائری کرائیں۔