کراچی: (دنیانیوز) سندھ ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی 7 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں رہنما تحریک انصاف اسد عمر کی حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے اسد عمر کی 7 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف کو 25 ہزارروپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
دوران سماعت وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کے خلاف اسلام آباد میں 6 مئی کو مقدمہ درج کیا گیا، اسد عمر کے خلاف عدلیہ کے حق میں اسلام آباد ریلی نکالنے پر مقدمہ درج کیا ہے، گرفتاری کا خدشہ ہے، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
سندھ ہائیکورٹ نے اسد عمر کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
نوازشریف اورمریم بھی اداروں کونشانہ بناتے رہے ہیں : اسد عمر
دوسری جانب کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈوبتی جارہی ہے، بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے، حکومت کی ترجیح بس پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات بنانا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ کسی فردکےخلاف بات کرنا اور ادارےکےخلاف بات کرناالگ بات ہے، آصف زرداری، نواز شریف اور مریم نواز بھی اپنےبیانات میں بھی ادارےکونشانہ بناتےرہےہیں ، ان لوگوں سےعمران خان کےبیانیے کا مقابلہ نہیں کیاجارہا۔
ان کاکہنا تھا کہ عمران خان اداروں کا احترام کرنے والے شخص ہیں، قوم اپنے آئینی حق کے ساتھ کھڑی ہوگئی ہے ، بدترین مہنگائی نے عوام کی کمرتوڑ دی ہے، عدالت نے سیاسی جماعتوں کو بات چیت کا موقع دیا۔