لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک اور مقدمے میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے خلاف اسلام آباد تھانے میں درج نئے مقدمے میں حفاظی ضمانت کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے، جس میں آئی جی اسلام آباد اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدلیہ سے اظہار یکجہتی کی ریلی نکالنے پر میرے خلاف اسلام آباد کے مارگلہ تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، آئین کے تحت پر امن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، پولیس نے سیاسی بنیادوں پر بلا جواز مقدمہ درج کیا۔
عمران خان نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ مؤقف پیش کرنے کیلئے حاضر ہونا چاہتا ہوں، تاہم تحقیقات میں پیش ہونے سے قبل گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تحقیقات میں پیش ہونے کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرے۔