آئی ایس پی آر کے بیان کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں: بلوچستان عوامی پارٹی

Published On 10 May,2023 10:50 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) جنرل سیکرٹری بلوچستان عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال پر ہم آئی ایس پی آر کے بیان کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں۔

جنرل سیکرٹری بی اے پی نے اپنے پالیسی بیان میں کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی پاک فوج اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، پارٹی پاک فوج کے خلاف منفی پراپیگنڈہ اور سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ملک میں افراتفری اور بدامنی پیدا کرنے اور پُرتشدد مظاہروں کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی ملک کی سیاسی صورتحال سے مکمل آگاہ رہتے ہوئے اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے، پارٹی صورتحال کو تدبر، بصیرت اور تحمل و برداشت کے ساتھ سنبھالنے پر پاک فوج کی قیادت اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: املاک، تنصیبات پر حملے: وسیع تر ملکی مفاد میں صبر سے کام لیا: پاک فوج

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے گزشتہ 2 روز کے دوران تنصیبات پر حملے کر کے ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ایسا ملک و قوم کے خلاف کوئی دشمن ہی کر سکتا ہے۔

سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ اقتدار کے حصول کے لیے ملک کی سلامتی معیشت اور اخلاقی و سیاسی اقدار کو پامال کیا گیا، قوم پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی پُر خلوص کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

Advertisement