بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کا احتجاج کے دوران بدامنی کے واقعات کا نوٹس

Published On 09 May,2023 08:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی احتجاج کے دوران بدامنی کے واقعات کا سخت نوٹس لے لیا۔

وایر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، محکمہ داخلہ، آئی جی پولیس اور ضلعی انتظامیہ امن برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں، پر تشدد واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا ہے کہ لوگ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں، قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کریں، حکومت امن امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری ہر صورت پوری کرے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پر تشدد واقعات میں جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ریاست پر حملہ کرنے والے کسی فرد کو نہیں چھوڑیں گے: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

ادھر خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے بھی احتجاج کے دوران قانون ہاتھ میں لینے والے مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں کسی کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دیں گے، کسی نے قانون توڑنے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے۔

نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹرفیروز جمال شاہ کاکا خیل نے مزید کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو قانونی تقاضوں کو پورا کر کے گرفتار کیا گیا ہے، چیئرمین نیب نے القادر ٹرسٹ میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
 

Advertisement