لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ملک کے بیشتر شہروں میں تعلیمی ادارے اور انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی بند ہے جس سے شہريوں کو شديد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لاہورميں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے زمان پارک کی طرف جانے والے راستے کو عام ٹريفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، ڈنڈا بردار فورس موقع پر موجود ہے، راستے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مال روڈ تا دھرمپورہ انڈرپاس تک کنال روڈ ایک طرف سے مکمل طور پر بند ہے، راستہ بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو چکی ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد میں تحریک انصاف کی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ رات شہر کے مختلف حصے میدان جنگ بنے رہنے کے بعد معمولات زندگی نارمل ہو گئے۔
پرتشدد کارروائیوں پر کارکنان کے خلاف 5 مقدمات درج، 100 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اہم مقامات پر رینجرز کے اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔
دوسری طرف ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مسلسل تیسرے روز بھی بند ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دفتری امور بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔