تحریک انصاف ہر وہ کام کر رہی جس سے بھارت میں شادیانے بجتے ہیں: مریم اورنگزیب

Published On 10 May,2023 05:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے مسلح جتھوں کا ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے دفاتر پر حملہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جس طرح پی ٹی وی، پارلیمنٹ پر حملہ کرایا تھا اسی طرح عمران خان کے کہنے پر آج ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے دفاتر پر حملہ کیا، خواتین سمیت سرکاری عملے پر تشدد، توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانا دہشت گردی ہے، بھارت خوش ہو رہا ہے کہ کشمیر پر خبریں چلانے والے ریڈیو کو عمران خان کے حامیوں نے آگ لگا دی۔

یہ بھی پڑھیں: ہم نے کبھی ایسا ردعمل نہیں دیا جو عمران کی گرفتاری پر پی ٹی آئی نے دیا، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ یہ ہر وہ کام کر رہے ہیں جس سے بھارت میں شادیانے بجائے جاتے ہیں، پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے چاغی یادگار اور ریڈیو آڈیٹوریم کو آگ لگائی جس سے ان کی ذہنی حالت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے، جس طرح عمران خان نے ملک اور توشہ خانہ لوٹا، اسی طرح اس کے حامی سرکاری عمارت کا سامان لوٹ کر لے گئے، سرکاری نشریات رکوانے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اپنی بے گناہی عدالتوں میں ثابت کریں : احسن اقبال

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی، پارلیمنٹ اور دیگر عمارتوں پر حملہ کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے، ملزمان کو نہ صرف گرفتار کیا جائے گا بلکہ نقصان بھی وصول کریں گے، یہ احتجاج نہیں، فساد اور دہشت گردی ہے، لاہور میں قائداعظم کے گھر کو نشانہ بنانے والوں کو ریاستی عمارتوں کی حساسیت اور عزت کا کوئی خیال نہیں، پوری قوم اس مذموم دہشت گردانہ رویہ اور اقدامات کی مذمت کرے۔
 

Advertisement