اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر کے بعد تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد کے ریڈ زون سے حراست میں لیا گیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سیکرٹری جنرل اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا، اسد عمر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست لے کر آئے تھے جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔
اسد عمر یہ درخواست لے کر چیف جسٹس کے کمرہ عدالت کی طرف گئے جہاں سے باہر نکلنے پر اسلام آباد پولیس کے انسداد دہشتگردی اسکواڈ اسد عمر کو گرفتار کر کے روانہ ہوگئی۔
اسد عمر، شاہ محمود قریشی، علی اعوان و دیگر رہنماؤں کے خلاف رات گئے 2 مقدمات تھانہ آبپارہ اور ترنول درج کیے گئے تھے، تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جارہاہے۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کاسلسلہ بھی جاری ہے، آج صبح پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی اہلیہ اور بھائی کو بھی گرفتار کیا ہے۔