اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر تحریک انصاف نے اعتراضات دور کر دیئے۔
القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس پر سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے اعتراضات عائد کر کے درخواست کو واپس بھیج دیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے اعتراضات دور کیے جانے پر سپریم کورٹ میں درخواست دوبارہ دائر کر دی گئی جسے عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار نے نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراض اٹھایا تھا کہ درخواست کے ساتھ لگایا گیا وکالت نامہ دستخط شدہ نہیں، عمران خان ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر سکتے تھے۔
عمران خان نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا، سابق وزیر اعظم کی درخواست میں دستاویزات بھی مکمل نہیں ہیں، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست اعتراضات عائد کر کے واپس کر دی۔
واضح رہے تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے عمران خان کی گرفتاری کو قانون کے مطابق قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، فوری رہا کیا جائے۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا تھا جبکہ آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔