پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ انصاف کا پیمانہ یہی رہا تو شاید عوام اسی سپریم کورٹ کو بھی آگ لگا دیں گے، اگر چیف جسٹس کا "سیاسی رویہ" جاری رہا تو ہم کسی بھی قانون کا خیال نہیں رکھیں گے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے جج نہیں بلکہ عمران خان کے ذاتی ملازم لگ رہے ہیں، تاریخ میں پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ ایک ملزم کو کسٹڈی کے دوران رہائی کا پروانہ تھما دیا، کیا یہ سہولت پاکستان کے ہر شہری کو حاصل ہے؟۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں لاکھوں کیسز پڑے ہیں یہاں لوگ مرجاتے ہیں انصاف ملنا تو دور کی بات تاریخ بھی نہیں دی جاتی، شاید چیف جسٹس کو رات نیند نہیں آئی، پہلی ملاقات میں ملزم کو دیکھ خوشی کا اظہار کیا، انصاف دینے والے اگر سیاسی کھیل کھیلیں گے تو ردعمل بھی سیاسی آئے گا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے مزید کہا ہے کہ ملزم کی گرفتاری پر پرتشدد واقعات، سرکاری و نجی اور تاریخی املاک کو آگ لگائی گئی، چیف جسٹس اس تباہی کے ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ عمران نیازی کے ذاتی ملازم کا کردار ادا کر رہے ہیں۔