کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی میں عام 4 افراد کیلئے دفعہ 144 ہے مگر پیپلز پارٹی جلسہ کرسکتی ہے، یہ دوہراہ معیار ہے، آئی جی سندھ کو وردی عوام نے دی پی پی نے نہیں، وردی کا مان رکھیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی طرز حکمرانی کی مذمت کرتا ہوں، پی ٹی آئی نے پرامن احتجاج پر ورکرز کے خلاف جعلی مقدمے بنائے اور گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، سندھ میں ایم پی او، دفعہ 144 کا نفاذ ثابت کرتا ہے پیپلز پارٹی خوفزدہ ہے، شرجیل میمن نے پریس کانفرنس میں کہا پی ٹی آئی ورکرز میں جلاؤ گھیراؤ کی ہمت نہیں۔
انہوں نے کہا شرجیل جانتے ہیں پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے پھر مقدمے کیوں بنائے جا رہے ہیں، سیاسی ورکرز کے گھروں پر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال ہوا، صورتحال پر بختاور، آصفہ بھٹو کی خاموشی حیران کن ہے، شہر میں ایم پی او لگانے کی وجہ چور دروازے سے پیپلز پارٹی کی اپنا مئیر لانے کی سازش ہے، پی پی چاہتی ہے پی ٹی آئی کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز کو ڈرا کر اپنا مئیر لے آئے۔
تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان نے مزید کہا ہے کہ سب واقف ہیں پیپلز پارٹی بلیک میلنگ اور ضمیر فروشی میں نمبر ون ہے، شرجیل میمن بتائیں عزیر بلوچ، انور مجید، نثار مورائی، جعلی اکاؤنٹ کیس کی جے آئی ٹی کا کیا ہوا، شرجیل میمن پر الزام ہے لانچوں کے ذریعے خلیجی ممالک پیسہ منتقل کیا کرتے تھے، شرجیل میمن سندھ کے سب سے امیر اور ارب پتی وزیر ہیں۔