کوئٹہ: (دنیا نیوز) مسلم باغ میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں دہشتگرد تنظیم کا سرغنہ عصمی عرف وفا بھی مارا گیا۔
12 اور 13 مئی کو مسلم باغ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی، دوران آپریشن جو 6 دہشتگرد مارے گئے ان میں دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کا انتہائی مطلوب سرغنہ عصمی عرف وفا بھی شامل ہے، دہشتگرد عصمی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں انتہائی مطلوب تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی بلوچستان میں آپریشن مکمل ،7جوان شہید ،6 دہشتگرد ہلاک
ہلاک دہشتگرد سرغنہ بھتہ خوری، قتل و غارت اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، عصمی عرف وفا نے اپریل 2019 میں مسافروں سے بھری بس کو اُرماڑہ، بُوزی ٹاپ پر حملہ کر کے بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا، اکتوبر 2020 میں بھی کئی گاڑیوں کو بُوزی ٹاپ پر گھات لگا کر نشانہ بنایا۔
عصمی عرف وفا نے جون 2021 میں بلوچستان کے علاقے حوشاب میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا، نومبر 2021 میں حوشاب میں ہی سکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپ کا حصہ بھی رہا، مئی 2022 میں عصمی عرف وفا نے فائرنگ کے متعدد واقعات میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔
اہم کامیابی پر پاک فوج نے کہا ہے کہ عوام کی مدد کے ساتھ دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں، ہر طرح کے حالات میں ان کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔