کراچی: (دنیا نیوز) رہنما ایم کیو ایم اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ 21 مئی کو بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مزار قائد پر جمع ہوں گے۔
گورنر ہاﺅس سندھ میں استحکام پاکستان دعائیہ کانفرنس کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ 9 مئی ایک سیاہ دن تھا، شرپسندوں نے وہ کام کیا جو ملک کے دشمن 75 سال میں نہ کر پائے، ملک کی سالمیت اور استحکام کی ضمانت پاک افواج کی عمارتوں کونشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو بابائے قوم محمد علی جناح کی نشانیوں اور ورثہ کو جان بوجھ کر نذر آتش کیا گیا، شرپسندوں کی اس حرکت سے ہر پاکستانی خون کے آنسو رو رہا ہے، عدلیہ پر سوال اٹھنا تشویشناک ہے، سیاسی رہنما ایک دوسرے سے دست وگریباں ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ افواج پاکستان کے صبر وتحمل کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فوج انتہائی دانشمندی کا مظاہرہ کر کے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا، شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔