اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وہ کام کیا جو آج تک ملک دشمن نہ کر سکے، جو ان شرپسندوں نے کیا ایسا 75 سالہ تاریخ میں نہیں ہوا۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ انہوں نے وہ کچھ کر دیا جو آج تک ملک دشمن نہ کر سکے، اس شخص کو دیکھ کر ویلکم کہا جاتا ہے،عمرانی فتنے نے وہ کام کر دکھا یاجو دشمن نہیں کر سکا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان نے افواج پاکستان کے خلاف سازش کی، ان کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے، عمران خان کو سر عام پھانسی دینی چاہیے، شرپسندوں نے کور کمانڈر کے گھر کو جلایا، ہمارے جہازوں کو بھارت آج تک گرا نہیں سکا، آج ملک دشمنوں اور غداروں نے طیاروں کو آگ لگا دی، انہوں نے ریڈیو سٹیشن پشاور کو آگ لگا دی۔
راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ ریمانڈ کے دوران لاڈلے کو عزت واحترام سے گیسٹ ہاؤس بھیجا گیا، اس شخص کو سرعام پھانسی دینی چاہیے تھی۔