عدلیہ اور تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ، فلم مزید نہیں چلے گی: شیری رحمان

Published On 13 May,2023 01:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عدلیہ اور تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ بن چکا، فلم مزید نہیں چلے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انتشار نے ملک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے ملک کو مفلوج کرنے کی کوشش کی، ملک کی ساکھ کو داؤ پر لگایا گیا ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کو ریاست اور قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، عمران نیازی کی پشت پناہی کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز والد کو ملنے گئیں تو ان کو گرفتار کر لیا گیا، منصوبہ بندی کے تحت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، جتھوں کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔

شیری رحمان نے کہا کہ عدلیہ اور تحریک انصاف کا ایک گٹھ جوڑ بن چکا یہ صاف نظر آرہا ہے، ان کی یہ فلم اب مزید نہیں چل سکتی، اب حکومت بھی اپنا ٹریلر چلائے گی، عدل کا جھکاؤ نظر آرہا ہے، ایک ساتھ 9 کیسز میں ریلیف دیا گیا، حکومت نے تہیہ کیا ہے اب کسی کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے، ہمارا پیغام ہے ملک کو جلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ 

Advertisement