کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے پورے ملک میں سرکاری و نجی املاک پر حملہ کیا یہ صرف ملک دشمن ہی کر سکتا ہے۔
سابق وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو پنجاب میں فوج طلب کرنے پر حیرت ہوئی ہے، ان کو اس وقت حیرت ہونی چاہئے تھی جب پی ٹی آئی والوں نے کورکمانڈر ہاؤس کو نذر آتش کیا، یہ کام تو انڈیا والے بھی نہیں کر پائے جو پی ٹی آئی کارکن اپنی قیادت کے کہنے پر کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں نے پشاور میں ریڈیو پاکستان جو کہ قومی آواز ہے اس پر بھی حملہ کیا۔
انہوں نے کہا دہشتگرد کارروائیوں اور نقصانات کا انہیں حساب دینا ہوگا، گرفتاریاں تو آصف زرداری، فریال تالپور، نواز شریف اور مریم نواز کی بھی ہوئی ہیں، کسی پارٹی قیادت نے کارکنان کو ملک اور عوام کے مال کو دشمنوں کی طرح تباہ کرنے پر نہیں اکسایا، کراچی کی عوام جلاؤ گھراؤ کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں، اب پی ٹی آئی کو بھی کوئی توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی رہنما احتجاج کی کال دے کر خود بھاگ جاتے ہیں۔